کراچی کے علاقے لیاری میں جمعے کو گرنے والی رہائشی عمارت کے ملبے سے مزید لاشیں نکالی گئی ہیں، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہوگئی ہے، جبکہ ریسکیو آپریشن تیسرے روز بھی جاری ہے ، ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد میں 15 مرد، 9خواتین اور 3 بچے شامل ہیں ۔
کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں واقع گدا پیلس کو زمین بوس ہوئے تین دن گزر گئے لیکن آپریشن مکمل نہیں کیا جاسکا ، ملبہ ہٹانے کے لئے ہیوی مشینری کا استعمال بھی کیا جارہا ہے لیکن ملبے سے مزید لاشیں نکلنے کے خدشے کی وجہ سے ریسکیو آپریشن کو تیزی سے نہیں کیا جا رہا ہے ۔
ریسکیو نے بتایا کہ اب تک 95 فیصد ملبہ ہٹانے کا کام مکمل ہوچکا ہے، ملبے سے 27 لاشیں نکالی گئی ہیں جن میں 15 مرد، 9خواتین اور 3 بچے شامل ہیں، مزید 3 افراد ملبے تلے دبےہوئے ہیں، آپریشن کےدوران 2 بار بھاری رقوم ملی جوذمہ داروں کے حوالے کر دی گئی ہیں ۔
ادھر عمارت گرنے کے واقعے میں ہند و مہیشوری برادری سے تعلق رکھنے والے 20 افراد کی میتوں کو موسیٰ لین ایدھی سرد خانے میں آخری رسومات ادا کرنے کے بعد بلدیہ مواچھ گوٹھ مہیشوری قبرستان میں تدفین کردی گئی ۔
دوسری جانب عمارت گرنے سے اطراف کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، متاثرہ عمارت کے اطراف میں موجود دیگر عمارتوں کو بھی خالی کرا کر پولیس کی نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ عمارت کے نیچے رکشے پارک کیے جاتے تھے، تقریباً 50 رکشے بھی دب گئے ہیں ۔