خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 377 تک جا پہنچی ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بدھ کے روز اپنی تازہ ترین رپورٹ جاری کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں بارش اور سیلابی ریلوں نے بڑی تباہی مچائی ہے۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 294 مرد، 50 خواتین اور 33 بچے شامل ہیں جبکہ زخمیوں کی مجموعی تعداد 182 ہے جن میں 145 مرد، 27 خواتین اور 10 بچے شامل ہیں۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ قدرتی آفات کے نتیجے میں مجموعی طور پر 1377 مکانات متاثر ہوئے ہیں، جن میں سے 355 گھروں کو مکمل طور پر تباہی کا سامنا کرنا پڑا جبکہ 1022 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔
پی ڈی ایم اے کے اعداد و شمار کے مطابق یہ المناک واقعات سوات، بونیر، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ، دیر لوئر، بٹگرام اور صوابی جیسے اضلاع میں پیش آئے۔
ادھر ڈپٹی کمشنر بونیر نے ایک بیان میں کہا کہ صرف ضلع بونیر میں حالیہ بارش اور فلش فلڈ کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 231 تک پہنچ چکی ہے، جس سے علاقے کی صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔