ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے برسلز میں کسی صحافی کو کوئی انٹرویو نہیں دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ برسلز کا ایک ایونٹ تھا جہاں سیکڑوں افراد نے تصاویر بنوائیں، لیکن نہ پی ٹی آئی کا ذکر ہوا اور نہ ہی معافی کا معاملہ۔ ان کا کہنا تھا سہیل وڑائچ نے ذاتی مفاد کے لیے یہ دعویٰ کیا جو نامناسب اور غیرذمہ دارانہ حرکت ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا جو غیر قانونی حرکت کرے اسے قانون کے کٹہرے میں آنا ہوگا۔ 9 مئی کے ذمہ داروں اور سہولت کاروں کو بھی کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستان خطے کی تقدیر بدلنے والا ملک ہے اسی لیے اس پر بار بار حملے کیے جاتے ہیں۔ نوجوان اپنی طاقت پہچان لیں تو کسی پراکسی یا خوارج کا خوف نہیں رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایٹمی طاقت ہے، دفاعی بجٹ صرف 80 ارب روپے ہے جبکہ ایران جیسا ملک زیادہ وسائل کے باوجود ایٹمی قوت نہیں بن سکا۔ بھارتی پروپیگنڈے نے ہماری نئی نسل کو مایوس کرنے کی کوشش کی لیکن حقیقت یہ ہے کہ بھارت کی اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری بھی پاکستان کے بھرپور جواب کے بعد ناکام ہوئی.