ہنگو کے علاقے تورہ وڑے میں دہشتگردوں نے ایف سی کی چیک پوسٹ پر حملہ کردیا، سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 6 حملہ آور ہلاک ہو گئے، دہشتگردوں کے ساتھ جھڑپ میں 3 اہلکار شہید اور 17 زخمی ہو گئے ۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہنگو میں قبائلی ضلع اورکزئی سے متصل تورہ وڑے کے علاقہ میں قائم ایف سی کی چیک پوسٹ پر رات کو دہشتگردوں نے حملہ کردیا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر بھاری اسلحے سے فائرنگ کی ، سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 6 حملہ آور ہلاک ہوگئے ۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کے 3 اہلکار بھی شہید ہو گئے جبکہ 17 شدید زخمی ہو گئے ۔
ذرائع کے مطابق زخمی اہلکاروں کو سی ایم ایچ ٹل منتقل کردیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جار ہی ہے ۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ دہشتگرد اپنے ہلاک ساتھیوں کی لاشوں کو اپنے ساتھ لے گئے ۔