دیر بالا میں پولیس اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا، دہشتگردوں کے ساتھ جھڑپ میں 8 پولیس اہلکار بھی زخمی ہو گئے ۔
دیر بالا: علاقے دو بندو سلام کوٹ میں ٹارگٹڈ آپریشن دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا، جس کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک ہو گئے ۔
فورسز کے آپریشن کے دوران ایک شہری بھی جاں بحق ہوا، جب کہ 8 پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوئے، جن کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔
آپریشن میں دہشت گردوں کے ساتھ سلام کوٹ کے مقام پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں 5 دہشت مارے گئے، مقامی آبادی بھی اس آپریشن میں پولیس کا بھرپور ساتھ دے رہی ہے اور فورسز کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے ۔
آپریشن کے دوران جاں بحق ہونے والے شہری کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کی گئی، انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کامیاب ٹارگٹڈ آپریشن پر پولیس کے افسران اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
آئی جی ذوالفقار حمید نے جوانوں کے جذبے، دلیری اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوان وطن کی حفاظت کے لیے ہر دم تیار ہیں، اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ان کا عزم آہنی ہے، ہمیں اپنے جوانوں پر فخر ہے ۔