چلاس میں گلگت بلتستان سکاؤٹس کی چیک پوسٹ پر نامعلوم شرپسندوں نے حملہ کیا جس میں صوبیدار سمیت دو اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہو گیا ۔
گلگت: نمائندہ خیبر نیوز ندیم خان کے مطابق ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے بتایا کہ گزشتہ رات ہڈور 112 ونگ جی بی سکاؤٹ جوائنٹ پر نامعلوم دہشت گردوں نے پہاڑ کی اونچائی سے فائرنگ کی ۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ حملے میں جی بی سکاوٹس کے تین جوان زخمی ہوئے، زخمیوں کو چلاس ہسپتال منتقل کیا گیا ۔
ترجمان صوبائی حکومت کا مزید کہنا تھا کہ زخمی صوبیدار نائب صوبیدار خوشداد سکنہ نگر اور حولدار اشرف سکنہ شگر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے ہیں ۔
شرپسندوں کے حملے میں لائنس نائیک ساجد سکنہ گوپس غذر کو سرجیکل أئی سی یو وارڈ میں شفٹ کر دیا گیا،
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے کاوروائی شروع کردی ہے ۔
ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے افسوسناک واقعے پر سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے اور ملزمان کا تعاقب کرنے کا حکم دیا ہے ۔
ترجمان صوبائی حکومت کا مزید کہنا تھا کہ سیکورٹی فورسز نے علاقے کا گھیراؤ کرلیا ہے اور شرپسندوں کے خلاف سرچ آپریشن جاری ہے ۔
ترجمان حکومت گلگت بلتستان نے واقعے کو انتہائی بزدلانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام اور فورسز کے حوصلے اس طرح کے حملوں سے پست نہیں کیے جاسکتے ۔