ترک حکومت نے اسرائیل کے ساتھ تمام تجارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کردیا ،ترک وزیر خارجہ حقان فدان نے اسرائیل کے ساتھ تمام تجارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بندرگاہوں پر دو طرفہ تجارت نہیں ہوگی، فضائی حدود کے استعمال پر بھی پابندی عائد رہے گی ۔
انقرہ: ترک پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے ترک وزیر خارجہ حقان فدان نے اسرائیل کے ساتھ تجارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ترک بحری جہازوں کے اسرائیلی بندرگاہوں پر جانے اور اسرائیلی بحری جہازوں کے ترک بندگاہوں میں آنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے ۔
ترک وزیر خارجہ حقان فدان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی طیاروں کے لیے ترکیہ کی فضائی حدود کے استعمال پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترک قوم فلسطینیوں کے دکھ اور درد کا احساس رکھتی ہے اور ترکیے فلسطینیوں کو ان کی زمینوں سے بے دخل کرنے کے کسی بھی منصوبے کو مسترد کرتا ہےچاہے یہ منصوبہ کسی کی بھی طرف سے پیش کیا جائے ۔
ترک وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے خلاف یہ فیصلہ غزہ پٹی میں جاری نسل کشی، مغربی کنارے اور مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیل کے جارحانہ اقدامات کے خلاف ردعمل ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کی لامحدود حمایت پر غزہ کی پٹی پر قبضے کا اسرائیلی منصوبہ دو ریاستی حل کو ناکام بنانے کی کوشش ہے ۔