پشاور (شوبز ڈیسک) خیبر ٹیلیویژن رواں سہ ماہی میں ناظرین کے لیے ایک منفرد ہفتہ وار شو "لولی وڈ پولی وڈ” پیش کر رہا ہے، جو نامور فلمی ستاروں کے دلچسپ انٹرویوز پر مشتمل ہے۔ اس شو کی میزبانی معروف اینکر رابعہ خان کر رہی ہیں۔ ہر پروگرام میں پاکستان کے مشہور فلمی اداکاروں اور گلوکاروں کو مدعو کیا جاتا ہے، جہاں وہ اپنے شوبز کیریئر اور یادگار لمحات پر روشنی ڈالتے ہیں۔
گزشتہ قسط میں پشتو فلموں کے سپر اسٹار شاہد خان مدعو ہوئے۔ انہوں نے اپنی کامیاب اور یادگار فلموں پر تفصیل سے گفتگو کی اور اپنے فلمی سفر کو ناظرین کے ساتھ شیئر کیا۔ اس دوران انہوں نے سینما انڈسٹری کی زبوں حالی پر گہری تشویش کا اظہار بھی کیا۔ شاہد خان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت فلمی صنعت کو سہارا دے، ٹیکسز میں چھوٹ فراہم کرے اور فلمسازوں کی حوصلہ افزائی کرے تو پشتو فلم انڈسٹری اپنے پاؤں پر دوبارہ کھڑی ہو سکتی ہے۔
انہوں نے افسوس کے ساتھ کہا کہ حکومتی عدم توجہی کے باعث پشاور کے 99 فیصد سینما ہالز مسمار کر دیے گئے ہیں، جو انڈسٹری کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔