بلوچستان کے دو اضلاع میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائیاں کرتے ہوئے 13 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیاں کوئٹہ اور کیچ میں کی گئیں ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 30 ستمبر اور یکم اکتوبر کو بلوچستان میں دو الگ الگ آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسیز سے تعلق رکھنے والے 13 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پہلی کارروائی کوئٹہ ضلع میں خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا جس میں پاک فوج کے جوانوں نے دشمن کی پوزیشنز کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
اعلامیے کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارت نواز 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ دوسری کارروائی ضلع کیچ میں کی گئی جس میں دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو کامیابی سے تباہ کیا گیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کیچ میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندستان کے 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد علاقے میں کئی تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ ترجمان پاک فوج نے ایک بار پھر ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کو مکمل طور پر ختم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں و ان کے سہولت کاروں کو ہر قیمت پر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔