وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ 27ویں آئینی ترمیم وفاق کی مضبوطی، ملک کے وسیع مفاد، صوبوں کے درمیان ہم آہنگی بڑھانے اور گورننس کو بہتر بنانے کیلئے ہے اور اس کے لیے ہم سب نے مل کر کوشش کیں ۔
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے حکومتی اور اتحادی جماعتوں کے سینیٹرز کے اعزاز میں عشائیہ دیا، اس موقع پر وزیر اعظم نے سینیٹرز کا خیر مقدم اور 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے عمل میں ان کے تعاون پر شکریہ ادا کیا ۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور تمام اتحادی جماعتوں کے سربراہوں کا مشکور ہوں، تمام اتحادی جماعتوں نے قومی سوچ کا بھرپور ساتھ دیا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے دوران حاصل کیے گئے تمام سنگ میل حکومت اور اتحادی جماعتوں کے باہمی تعاون کا نتیجہ ہیں، پاکستان کی سفارتی کامیابیاں اور دنیا میں نام تمام اتحادی جماعتوں کے مابین ہم آہنگی اور باہمی اتحاد کی عکاس ہے ۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کی مشترکہ کوششوں کی بدولت پاکستان کو شاندار مقام حاصل ہوا، ملکی معاشی صورتحال میں بتدریج بہتری ہو رہی ہے، اللہ کے فضل و کرم سے ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کی بدولت ملک کی سمت درست ہوئی، ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہے ۔

