بنوں میں بدامنی کے خلاف مشترکہ جرگہ منعقد کیا گیا ہے جس میں ضلع بھرکے امن کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع بھر میں قیام امن کے لیے کمیٹیاں اور مسلح لشکر بنائے جائیں گے ۔
بنوں کے علاقے ڈومیل میں ہاتھی خیل کے چاروں قبائل کا مشترکہ جرگہ ہوا، جرگے میں علاقے کے امن کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ۔
جرگے کے فیصلے کے مطابق کسی کو بھی بغیر شناخت کے اپنے علاقوں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی، مشترکہ جرگے میں مطالبہ کیا گیا کہ پولیس علاقے میں باقاعدہ گشت بڑھائے اور شرپسندوں کو علاقے میں داخلے سے روکا جائے ۔
جرگے کے فیصلوں کے مطابق بنوں بھر میں ریاستی اداروں کے ساتھ تعاون اور قانون کی حکمرانی کو ہر چیز پر ترجیح دی جائے گی ۔
جرگہ کے فیصلے کے مطابق پولیس سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ علاقے میں اپنا باقاعدہ گشت بڑھائے اور حکومتی ادارے علاقے میں قیام امن کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کریں ۔
جرگے کے شرکاء کا کہنا تھا کہ پولیس امن کمیٹی کے ارکان سے اسلحہ نہ چھینے اور نہ ہی انہیں گرفتار کرے تاکہ وہ علاقے میں امن کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔
مشترکہ جرگہ نے کہا کہ ہاتھی خیل برادری پر کوئی حملہ ہوا تو بھرپور جواب دیں گے، اس سلسلے میں قبائلی روایات کے نام پر ہونے والی غلطیوں کو معاف نہیں کیا جائے گا ۔

