مغربی سسٹم کے زیر اثر خیبر پختونخوا کے ضلع دیر بالا اور دیر لوئر،سوات اور کرک سمیت دیگر قریبی علاقوں میں بارش ہوئی ہے جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا جس کے بعد سردی کی شدکت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے ۔
خیبر پختونخوا کے ضلع دیر کے معروف سیاحتی مقام وادی کمراٹ، جہاز بانڈہ، باڈگوائی، لواری ٹنل، کلپانی، شاہی اور بن شاہی ، سوات اور کرک سمیت دیگر علاقوں میں پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے شروع ہو چکی ہے ۔
بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، بارش و برف باری شروع ہوتے ہی شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔
برف باری شروع ہوتے ہی سیاحوں نے موسم کا لطف اٹھانے کے لیے سیاحتی مقامات کا رخ کر لیا، بارش و برف باری کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں بھی چل رہی ہیں ۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بدھ کے روز شمالی بلوچستان ، خیبرپختونخوا ، گلگت بلتستان،کشمیر ، اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفبار ی کی توقع ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران شمال مشرقی/جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ کے اضلاع میں صبح/ رات کے اوقات دھند کی توقع ۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کا امکان ہے ۔

