پشاور پولیس نے نیو ایئر نائٹ کے موقع پر ہوائی فائرنگ کے خلاف سخت ایکشن لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالے سے ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ایس ایس پی آپریشنز نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری نیو ایئر نائٹ پر قانون شکنی سے گریز کریں اور اپنی خوشیوں کو پُرامن انداز میں منائیں، کیونکہ ہوائی فائرنگ انسانی جانوں کے لیے شدید خطرہ بن سکتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نیو ایئر نائٹ کے پیش نظر خصوصی سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے جس کے تحت شہر بھر میں پولیس نفری تعینات کی جائے گی۔
ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف نہ صرف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی بلکہ ان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے جائیں گے۔
پشاور پولیس نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا پولیس کی اولین ترجیح ہے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

