لکی مروت میں نجی سیمنٹ فیکٹری کی بس پر دھماکے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ آٹھ افراد زخمی ہو گئے، جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ایم ایس سٹی ہسپتال لکی مروت ڈاکٹر کفایت اللہ کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ بس بیگوخیل سے لکی مروت آ رہی تھی کہ راستے میں دھماکے کا نشانہ بنی۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والے تمام افراد کا تعلق بیگوخیل سے بتایا جا رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بس میں زیادہ تر مقامی نجی افراد سوار تھے۔
دھماکے کے بعد پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں جبکہ واقعے کی نوعیت اور وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے بعد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

