بنوں سے تعلق رکھنے والے دو سوشل میڈیا ورکرز ابراہیم اور حکمت اللہ میرانشاہ میں پراسرار طور پر لاپتہ ہو گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق دونوں سوشل میڈیا ورکرز میرانشاہ کے علاقے چشمی میں واقع ایک دینی مدرسے کے پروگرام کی کوریج کے لیے جا رہے تھے۔
مدرسے کے مہتمم قاری واصیف اللہ کے مطابق ابراہیم اور حکمت اللہ مدرسہ پہنچنے سے قبل ہی راستے میں لاپتہ ہو گئے۔ لاپتہ ہونے سے قبل ان کا آخری رابطہ میرانشاہ ایشہ چیک پوسٹ کے قریب ہوا تھا، جس کے بعد ان سے کسی قسم کا رابطہ ممکن نہ ہو سکا۔
واقعے کی اطلاع متعلقہ حکام کو دے دی گئی ہے، جبکہ لاپتہ سوشل میڈیا ورکرز کے اہلِ خانہ شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان کی تلاش کے لیے کوششیں جاری ہیں اور واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

