کراچی: ایم اے جناح روڈ پر واقع شاپنگ سینٹر گل پلازہ میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے، جبکہ کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود آگ پر مکمل طور پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ ریسکیو حکام کے مطابق آگ گراؤنڈ فلور سے شروع ہو کر تیسری منزل تک پھیل گئی، جس کے باعث عمارت کو شدید نقصان پہنچا ۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں فراز، کاشف، عامر اور شہروز شامل ہیں۔ آگ لگنے کے بعد شاپنگ پلازہ میں بھگدڑ مچ گئی، آکسیجن کی کمی کے باعث کئی افراد بے ہوش ہو گئے جبکہ کچھ متاثرین جان بچانے کے لیے برابر والی عمارت پر چھلانگ لگا کر اترے ۔
فائر بریگیڈ کے 20 فائر ٹینڈرز اور 4 اسنارکلز آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں، جبکہ پاک بحریہ کے فائر ٹینڈرز بھی ریسکیو آپریشن میں شامل ہیں۔
شدید تپش اور دھویں کے باعث فائر فائٹرز کو عمارت کے اندر داخل ہونے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ریسکیو آپریشن کے دوران ایک سیڑھی ٹوٹنے سے دو فائر فائٹرز زخمی بھی ہوئے ۔
چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کے مطابق ابتدائی طور پر گیس لیکج کے باعث دھماکا ہوا جس کے بعد آگ مزید پھیل گئی۔ آگ بجھانے کے بعد کولنگ کے عمل میں 3 سے 4 دن لگ سکتے ہیں، جبکہ اطلاع ملنے کے بعد دو منٹ کے اندر فائر بریگیڈ کی گاڑیاں روانہ کر دی جاتی ہیں ۔
آتشزدگی کے باعث گل پلازہ کے گراؤنڈ فلور کی تمام دکانیں جل کر خاکستر ہو گئیں۔ پلازہ میں 1200 سے زائد دکانیں موجود تھیں، جن میں کروڑوں روپے مالیت کا سامان رکھا گیا تھا، جس کے باعث شدید مالی نقصان ہوا ہے۔ ایک ملازم کے مطابق ہر دکان میں کروڑوں روپے کا مال موجود تھا جو آگ کی نذر ہو گیا ۔

