لکی مروت میں دلوخیل پھاٹک کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے اسلحہ کی نوک پر مسافر بس کو لوٹ لیا۔ پولیس کے مطابق مسافر بس بنوں سے لاہور جا رہی تھی کہ راستے میں 10 سے زائد ڈاکوؤں نے اسے روک لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں نے بس میں سوار مسافروں سے نقدی، موبائل فونز اور دیگر قیمتی اشیاء چھین لیں جبکہ مزاحمت کرنے پر بعض مسافروں کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا گیا۔ واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق اس سے قبل بھی اسی علاقے میں گاڑیوں کو لوٹنے کی متعدد وارداتیں پیش آچکی ہیں۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

