کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ زیارت، کوژک ٹاپ، پرانا چمن اور شیلاباغ میں برفباری ریکارڈ کی گئی۔
کوژک ٹاپ پر شدید برفباری کے باعث چمن–کوئٹہ–کراچی شاہراہ پر ٹریفک متاثر رہی، تاہم نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کی جانب سے ہیوی مشینری کے ذریعے برف ہٹانے کا عمل جاری ہے۔
دوسری جانب چمن میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور طوفانی ہواؤں کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے، جبکہ اسلام آباد، پنجاب اور سندھ میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہو سکتی ہے۔ کراچی میں بھی آج دوپہر سے شام تک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ادھر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے شمالی علاقوں میں بارش اور برفباری کے پیشِ نظر طغیانی کے خدشے کے باعث الرٹ جاری کر دیا ہے۔

