ڈپٹی کمشنر کراچی ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے کہا ہےکہ گل پلازہ میں ملبے کے نیچے ممکنہ لاشوں کو نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے، 60 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ 48 افراد کا پوسٹ مارٹم مکمل ہو چکا ہے اور 86 افراد تاحال لاپتہ ہیں ۔
کراچی: میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی سی ساؤتھ نے بتایا کہ گل پلازہ میں 60 کے قریب افراد جاں بحق ہوئے جن میں سے 48 افراد کا پوسٹ مارٹم ہوچکا جب کہ 86 افراد تاحال لاپتہ ہیں ۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ملبے کے نیچے سے ممکنہ لاشوں کو نکالنے کے لیے آپریشن جاری ہے، مشینری کے ذریعے ملبہ ہٹانے کا کام عارضی طور پر روک دیا گیا، عمارت میں ریسکیو اہلکار دوبارہ داخل ہوئے ہیں، مشینری کے استعمال سے عمارت کے گرنے کا خدشہ ہے ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پوری عمارت کو ایک بار پھر سرچ کیا جارہا ہے، ملبے کے باعث عمارت کے گرنے والے حصوں میں سرچنگ نہیں کی جاسکتی، ملبہ ہٹنے کے بعد گرنے والے حصے میں سرچنگ کا عمل کیا جائے گا ۔
ڈی سی کا کہنا تھاکہ لاشوں اور اہلخانہ کے ڈی این اے سیمپل لیے جارہے ہیں، چند اعضا ایسے ہیں جن کا ڈی این اے مشکل ہے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز گل پلازہ میں کراکری کی ایک دکان سے 30 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں، انتظامیہ کے مطابق ان افراد نے خود کو بچانے کیلئے دکان کے اندر چپالیا تھا اور بعد میں ان کو باہر نکلنے کا موقع نہ ملا ۔

