لکی مروت اور بنوں میں پولیس نے مختلف کارروائیوں کے دوران جرائم پیشہ اور دہشت گرد عناصر کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ لکی مروت کے شیخ لنڈکہ روڈ پر پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں دو خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ پولیس کے مطابق دونوں ڈاکو راہزنی اور منشیات فروشی سمیت کئی مقدمات میں مطلوب تھے۔
دوسری جانب لکی مروت کے تھانہ سرائے گمبیلا پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، جس میں حملہ آوروں کی جانب سے چھوٹے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ پولیس نے فوری اور بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملے کو پسپا کر دیا، جس کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ادھر بنوں کی تحصیل ڈومیل میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ ڈومیل عیدگاہ روڈ پر نامعلوم افراد کی جانب سے نصب کیا گیا دیسی ساختہ بم پولیس کے بم ڈسپوزل سکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔ پولیس کے مطابق بم میں تین سے چار کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد علاقے میں پولیس اور بم ڈسپوزل سکواڈ کی جانب سے سرچ آپریشن جاری ہے۔

