لکی مروت کے علاقے سرائے نورنگ میں پٹرول و ڈیزل کی ایک ایجنسی میں نامعلوم وجوہات کی بنا پر اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، عمارت کے بالائی حصے میں رہائشی کوارٹرز بھی قائم تھے، جس کے باعث 12 افراد جھلس گئے ۔
لکی مروت : اطلاع ملتے ہی ریسکیو، الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں اور مقامی افراد نے فوری طور پر مشترکہ ریسکیو آپریشن کا آغاز کیا ۔
آپریشن کے دوران آگ بجھانے کی کوششوں کے دوران دھماکہ بھی ہوا، جس کے نتیجے میں 12 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے، زخمی ہونے والوں میں ریسکیو کے 6 اہلکار، الخدمت فاؤنڈیشن کا ایک رضاکار، پٹرول ایجنسی کا مالک اور متعدد مقامی شہری شامل ہیں ۔
ریسکیو ٹیموں نے انتہائی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالائی منزل میں محصور 30 سے زائد افراد کو، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے، بحفاظت باہر نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا ۔
مسلسل چار گھنٹے کی طویل اور مشقت طلب کوششوں کے بعد آگ پر مکمل قابو پا لیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے ۔

