وزیراعظم شہباز شریف نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری منزل تیزی سےترقی کرتا پاکستان ہے، دہشت گرد تنظیمیں افغانستان سے آپریٹ ہو رہی ہیں، افغان حکومت دہشت گردوں کے لگام دے ۔
لندن پہچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزيراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دہشت گرد افغانستان سے آپریٹ کر رہے ہیں، افغانستان دہشت گردوں کو لگام ڈالے، افغان عبوری حکومت کو کئی بار کہا ہے دوحه معاہدے پرعمل کریں اور دہشت گردوں کو افغان سر زمین استعمال نہ کرنے دیں لیکن کالعدم دہشت گرد تنظیمیں افغانستان سے آپریٹ کرتی ہیں اور کئی پاکستانیوں کو شہید کرچکی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام، افواج، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ہم ہمسائے نہیں بدل سکتے، یہ ہم پر منحصر ہے کہ اچھے ہمسائے کی طرح رہنا ہے یا تنازعات کے ساتھ ۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بیلاروس کا دورہ نہایت ہی کامیاب رہا، اپنے دورے کے دوران وہاں کی فیکٹریوں کا معائنہ کیا ، ڈیڑھ لاکھ نوجوانوں کو بیلا روس میں روزگار ملے گا، میاں نوازشریف کی قیادت میں ملک وقوم کی خدمت کررہا ہوں ، تیزی سے ترقی کرتا پاکستان ہماری منزل ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معدنیات کے بے پناہ ذخائر ہیں، معدنیات کے حوالے سے مشینری بیلاروس میں بنتی ہے، زرعی مشینری کیلئے بیلاروس کی کمپنیوں سے جوائنٹ وینچرکریں گے، بیلا روس کی ذراعت کے شعبے میں مہارت سے فائدہ اٹھائیں گے اور بیلاروس میں بننے والی زرعی مشینری بھی پاکستان میں بنے گی ۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بیلاروس زراعت کے حوالے سے خصوصی تعاون کرے گا، دورے کے دوران وہاں مختلف شعبوں کے افراد سے ہماری سیر حاصل گفتگو ہوئی ہے ۔