پاکستان اور بھارت کے درمیان شدید کشیدگی کے باوجود بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے درمیان ڈھاکا میں ملاقات ہوئی، جسے سیاسی حلقوں میں ایک غیر معمولی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ ملاقات سابق بنگلا دیشی وزیراعظم خالدہ ضیاء کی رہائش گاہ پر ہوئی، ذرائع کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر خود چل کر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے پاس آئے اور دونوں کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں کی یہ مختصر ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، تاہم اس دوران کسی باضابطہ مذاکرات یا گفتگو کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔ سیاسی مبصرین کے مطابق یہ مصافحہ اور ملاقات سفارتی سطح پر ایک اہم اشارہ سمجھی جا رہی ہے۔
یہ ملاقات مئی میں ہونے والی پاک بھارت جنگ کے بعد دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح پر پہلی براہِ راست ملاقات ہے۔ مذکورہ جنگ کے بعد پاکستان اور بھارت کے تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اور سفارتی رابطے معطل ہیں۔
سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ ملاقات رسمی نوعیت کی تھی، تاہم موجودہ حالات میں اس کی علامتی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

