پشاور: ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر ارشاد روغانی نے خیبرپختونخوا میں منکی پاکس وائرس کے دوسرے کیس کی تصدیق کردی۔نوشہرہ سے تعلق رکھنے والے 47 سالہ شخص میں پاکس کی تصدیق ہوئی ہے۔
ڈاکٹر ارشاد روغانی نے بتایا کہ مریض کےدبئی سے پشاور ایئرپورٹ پہنچنے پر تعینات ٹیم نے سکریننگ کی، آئسولیشن کے لیے بروقت پولیس سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹر ارشاد روغانی نے کہا کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی ریفرنس لیب نے پی سی آر کے ذریعےمریض میں ایم پاکس کی تصدیق کی، مزید تجزیے کے لیے نمونے قومی ادارہ صحت اسلام آباد بھجوائے گئے ہیں۔
ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ نے کہا کہ تین چار دن میں رپورٹ آنے کے بعد میڈیا کے ساتھ تفصیلات شیئر کی جائے گی۔
دوسری جانب وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر مختار احمد نے کہا ہے کہ ایم پاکس کا دوسرا کیس پاکستان میں رپورٹ ہوا ہے، وزارت صحت صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کو یقینی بنا رہی ہے۔
ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ کیس خلیجی ممالک سے علامات کے ساتھ آیا تھا۔پشاور ایئرپورٹ پر ہیلتھ ڈیسک نے بروقت ہسپتال منتقل کیا۔