اسلام آباد کی مقامی عدالت نے اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس میں علی امین گنڈاپور کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے ہیں۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت کے جج مبشرحسن چشتی نے علی امین گنڈاپورکے خلاف غیر قانونی اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس کی سماعت کی۔
کیس کی سماعت میں عدالت نے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وکیل سے کہا کہ ہرتاریخ پرآپ استثناء کی درخواست دیتے ہیں، ملزم کو پیش نہیں کرتے۔
سیشن جج نے کہا کہ آپ استثناء کی درخواستیں دےکر صرف عدالت کا قیمتی وقت ضائع کرتے ہیں، علی امین گنڈاپورکے متعدد وارنٹ جاری ہوئے، تعمیلی رپورٹ جمع نہیں کرائی جارہی، اس پر وکیل صفائی نے کہا کہ آپ بریت کی درخواست پرپہلے فیصلہ کریں، اس متعلق عدالتی حکم موجود ہے۔
بعد ازاں عدالت نے علی امین گنڈاپور کی حاضری سے استثناء کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری برقرار رکھے اور انہیں 29جنوری تک عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔