بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے خارج کیے جانے کے بعد بھارت اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، بنگلہ دیش نے ورلڈ ٹی ٹوینٹی کپ کے میچز بھارت سے منتقل کرانے کا مطالبہ کرلیا ۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بنگلہ دیش کے لیگ میچز بھارت سے نکال کر سری لنکا منتقل کرنے کی درخواست کرے، کیونکہ فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کے آئی پی ایل سے ریلیز کیے جانے کے بعد کھلاڑیوں کی حفاظت کے بارے میں خدشات پیدا ہو گئے ہیں ۔
شاہ رخ خان کی آئی پی ایل فرنچائز کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے بی سی سی آئی کی ہدایت پر مستفیض الرحمان کو سکواڈ سے خارج کیا تھا، انہیں پچھلے مہینے ابوظہبی میں ہونے والی نیلامی میں 9.20 کروڑ بھارتی روپے میں خریدا گیا تھا ۔
بی سی بی کے صدر اور سابق کپتان امین الاسلام نے اس واقعے کے بعد ایمرجنسی بورڈ میٹنگ کے بعد کوئی عوامی بیان جاری نہیں کیا ۔
تاہم بنگلہ دیش کے کھیلوں کے مشیر آصف نذرو ل نے کہا کہ انہوں نے بورڈ کو ہدایت دی ہے کہ وہ آئی سی سی کو باضابطہ طور پر درخواست بھیجے کہ بنگلہ دیش کے چار لیگ میچز سری لنکا میں کرائے جائیں ۔
دوسری جانب بنگلا دیش نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا ۔
لٹن کمار داس ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ سیف حسن نائب کپتان مقرر کیے گئے ہیں،اس کے علاوہ بنگلادیش کے ساتھ گروپ میں انگلینڈ، ویسٹ انڈیز ،نیپال اور اٹلی کی ٹیمیں شامل ہیں ۔
بنگلا دیش کا 7 فروری کو پہلا میچ کولکتہ میں ویسٹ انڈیز کے خلاف شیڈولڈ ہے ۔

