ڈی سی سوات نے ضلع بھر کے تعلیمی اداروں کیلئے تھریٹ الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر تمام تعلیمی اداروں کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جاری کردہ مراسلے میں بالخصوص بچیوں کے سکولوں کی سکیورٹی سخت کرنے پر زور دیا گیا ہے۔ مراسلے کے مطابق خیبر پختونخوا اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں تعلیمی اداروں کو نشانہ بنانے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے بعد احتیاطی تدابیر مزید بڑھا دی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کی جانب سے یونیورسٹیوں، کالجز اور سکولوں کی انتظامیہ کو اضافی حفاظتی اقدامات اپنانے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ تعلیمی اداروں کے داخلی و خارجی راستوں کی کڑی نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت بھی شامل ہے۔
مراسلے میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا فرد کی فوری اطلاع متعلقہ پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کو دی جائے۔ اس کے علاوہ طلبہ و طالبات کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے رابطہ نظام فعال رکھنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
تھریٹ الرٹ مراسلے کی نقول پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کو ارسال کر دی گئی ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ کے مطابق سکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کیلئے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان رابطہ تیز کر دیا گیا ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

