پاکستان اور آرمینیا کے درمیان باقاعدہ طور پر سفارتی تعلقات قائم ہو گئے ہیں اور اس سلسلے میں مشترکہ دستاویزات کا تبادلہ بھی کیا گیا، دفتر خارجہ کے مطابق وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے آرمینیا کے ہم منصب کے ساتھ باقاعدہ مشترکہ دستاویزات کا تبادلہ کیا اور اس کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات قائم ہوگئے
تیانجن: چین سے ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے آرمینیا کے وزیرخارجہ ارارات میرزویان کے ساتھ باقاعدہ مشترکہ دستاویزات کا تبادلہ کیا اور اس کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات قائم ہوگئے ہیں ۔
ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے تاریخی قدم بڑھاتے ہوئے اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد پر کاربند رہنے کے اپنے عزم کا اظہار کیا ۔
ترجمان نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے معیشت، تعلیم، ثقافت اور سیاحت سمیت تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا ۔
بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے دونوں ممالک کے عوام کے لیے امن کے مشترکہ اہداف، ترقی اوراستحکام کے حصول کے لیے دوطرفہ اور کثیرالقومی فورمز میں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا ۔
سفارتی ذرائع نے بتایا کہ دونوں ممالک آئندہ چند ہفتے میں ایک دوسرے سے سفارتی تعلقات قائم کر لیں گے اور دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان پہلی باضابطہ ملاقات متوقع ہے، جو تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم ہیڈز آف اسٹیٹ کونسل اجلاس کے موقع پر ہو گی ۔