امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا نیا دعویٰ سامنے آیا ہے ، ان کا کہنا ہے کہ دعویٰ کیا ہے کہ اس جھڑپ میں 8 طیارے مار گرائے گئے تھے، آٹھواں طیارہ بہت بری طرح تباہ ہوا، لیکن مجموعی طور پر 8 طیارے عملاً مار گرائے گئے ۔
میامی میں امریکن بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں نے 8 ماہ میں 8 جنگیں ختم کرائیں، جن میں کوسووو اور سربیا، کانگو اور روانڈا، پاکستان اور بھارت کی جنگیں شامل ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں دونوں ممالک کے ساتھ تجارتی معاہدے کے بیچ میں تھا، پھر میں نے ایک اخبار کے پہلے صفحے پر خبر دیکھی، میں اخبار کا نام نہیں لوں گا کیونکہ یہ عام طور پر جعلی خبریں شائع کرتا ہے، کہ دونوں جنگ کرنے جا رہے ہیں، 8 طیارے، 7 طیارے مار گرائے گئے، آٹھواں طیارہ بہت بری طرح ڈیمج ہوا، لیکن مجموعی طور پر 8 طیارے عملاً مار گرائے گئے ۔
ٹرمپ نے دوبارہ اپنا یہ دعویٰ دہرایا کہ انہوں نے دونوں ممالک کو امن پر آمادہ کرنے کے لیے تجارتی معاہدوں سے انکار کی دھمکی دی تھی ۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے کہا کہ اگر تم ایک دوسرے سے جنگ کرو گے تو ہم تمہارے ساتھ تجارت نہیں کریں گے، کوئی معاہدہ نہیں کریں گے‘ ۔
ٹرمپ نے بتایا کہ ’ایک دن بعد مجھے فون آیا اور بتایا گیا کہ ہم نے امن قائم کر لیا ہے، یعنی انہوں نے لڑائی بند کردی تھی، میں نے کہا شکریہ، اب ہم تجارت کریں گے، کیا یہ زبردست نہیں؟ یہ سب ٹیرف (محصولات) کی وجہ سے ممکن ہوا، ٹیرف نہ ہوتے تو یہ کبھی نہ ہوتا‘ ۔
امریکی صدر اس سے پہلے بھی کئی بار یہ کہہ چکے ہیں کہ مئی کے تصادم میں 5 سے 7 طیارے مار گرائے گئے تھے ۔

