فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں کیمیکل فیکٹری کے اندر بوائلر پھٹنے سے دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ۔
فیصل آباد: ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ فیکٹری کے اطراف میں موجود کئی گھروں کی چھتیں بھی گر گئیں ۔
دھماکے کے باعث فیکٹری سے ملحقہ ایک گھر کی چھت گرنے سے میاں بیوی اور ان کے دو بچے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے جبکہ مجموعی طور جاں بحق ہونے والوں میں چھ بچے دو خواتین دو بزرگ اور فیکٹری ملازم شامل ہیں ۔
حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، جائے وقوعہ سے ملبہ ہٹایا جا رہا ہے، اب تک 20 افراد کی نعشیں نکالی جا چکی ہیں جبکہ کئی افراد کے ملبے تلے دبنے ہونے کا خدشہ ہے ۔
ڈی سی کا کہنا ہے کہ کیمیکل فیکٹری میں بوائلر پھٹنے سے خوفناک حادثہ پیش آیا، حادثے میں کئی افراد کی جان چلی گئی، بوائلر پھٹنے سے قریبی گھروں کو شدید نقصان پہنچا، حادثے کے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، ریسکیو، سول ڈیفنس اور دیگر ادارے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، فیکٹری مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے فیصل آباد میں کیمیکل فیکٹری میں بوائلر دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا اور سوگوار خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی و تعزیت کی ۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے واقعہ کا نوٹس لے کر کمشنر فیصل آباد سے سانحہ کی رپورٹ طلب کر لی ۔

