ضلع کرم: لوئر کرم میں گاڑی پر فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر جاوید اللہ محسود زخمی ہو گئے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق واقعہ لوئر کرم کے علاقے بگن میں پیش آیا۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمی ڈپٹی کمشنر کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لوئر کرم کے علاقہ بگن میں وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ فائرنگ کے واقعے کے بعد کرم جانے والا قافلہ ٹل کے مقام پر روک دیا گیا ہے،سامان سےبھرے ٹرک بھی ٹل واپس پہنچ گئے ہیں۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کاکہنا ہےکہ ڈپٹی کمشنرکرم پرفائرنگ انتہائی افسوسناک ہے،ڈپٹی کمشنرجاوید محسود بگن جارہے تھے،نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی جس سے ڈی سی کرم اور اہلکار زخمی ہیں،فریقین پرامن رہیں،کوہاٹ معاہدے پرعمل درآمد کیا جارہا ہے،کرم میں امن و امان خراب کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائیگی،ڈپٹی کمشنرکرم کی حالات خطرے سے باہر ہے۔
گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی
گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کرم میں گاڑی پر فائرنگ کےواقعےکی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنرکازخمی ہونا انتظامیہ کی نااہلی ہے، قافلے پر فائرنگ کےپی حکومت کی ناکامی کامنہ بولتا ثبوت ہے،ڈی سی جاویدمحسودکی جلدصحتیابی کیلئے دعا گو ہیں۔
بڑی گاڑیوں پر مشتمل قافلہ میں بائیس ویلر،دس وئیلر اور چھ وئیلر ٹرک شامل ہیں۔ ٹرکوں میں خوراک کی اشیاء ،دوائیں ،گیس سلنڈر اور دیگر سامان شامل ہیں، جس میں پانچ ٹرک دوائیں ،دس ٹرک سبزیاں،نو ٹرک گھی اور آئل،پانچ ٹرک آٹا،سات ٹرک چینی،دو ٹرگ گیس سلینڈر اور چھبیس ٹرک کریانہ کے سامان کی سپلائی کی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل ہی کرم تنازع پر فریقین کے درمیان امن معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت ٹل پارہ چنار شاہراہ کو 3 ماہ بعد آج کھولا جانا تھا۔