پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ گل پلازہ واقعے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے اور اس افسوسناک واقعے کی مکمل انکوائری کی جا رہی ہے۔
گورنر ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں میں بعض عناصر دراڑیں ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم کسی ایک واقعے پر پنجاب حکومت کو موردِ الزام نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔
انہوں نے واضح کیا کہ گل پلازہ واقعے پر غیر ضروری سیاست سے گریز کیا جانا چاہیے اور حقائق سامنے لانے کے لیے شفاف تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سانحہ گل پلازہ کے متاثرہ خاندان کے گھر پہنچے اور ان سے اظہارِ تعزیت کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
میئر کراچی نے متاثرہ خاندان کے کاروبار کی بحالی کا بھی وعدہ کیا اور بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ریسکیو اہلکار تاحال جائے وقوعہ پر ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔

