ملک بھر میں آج 78واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے اور شان و شوکت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ فضا نعرہ تکبیر "اللہ اکبر” کی گونج سے معمور رہی۔ فوجی جوانوں نے بلند آواز میں "پاکستان زندہ باد” اور نعرہ تکبیر کے نعرے لگائے۔ توپوں کی سلامی تلاوت کلام پاک سے شروع کی گئی اور اختتام پر ملکی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
ملک کی مساجد میں نماز فجر کے بعد بھی پاکستان کی ترقی، اتحاد، امن اور خوشحالی کے لیے اجتماعی دعائیں کی گئیں۔ اس سال یوم آزادی کو "معرکہ حق کی عظیم فتح” کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ جشن کے موقع پر گلی گلی اور شہر شہر سبز ہلالی پرچم کی بہار چھا گئی۔
بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ اسلام آباد میں بھی یوم آزادی اور معرکہ حق میں کامیابی کی مناسبت سے شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
جیسے ہی رات کے بارہ بجے، اسلام آباد، لاہور، کراچی اور پشاور سمیت ملک کے ہر شہر میں آتش بازی کے دلکش مظاہرے شروع ہو گئے۔ آسمان رنگ برنگی روشنیوں سے جگمگا اٹھا۔ شہری بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے تاکہ اس شاندار منظر کا لطف اٹھا سکیں۔