اسلام آباد: پی ایم ہاوس سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارت کی اشتعال انگیزی دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں سے توجہ ہٹانے کا کام کر رہی ہے ۔
انہوں نے پہلگام واقعہ پاکستان سے جوڑنے کی بھارتی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حقائق سامنے لانے کیلئے شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے مطالبے کا اعادہ کرتے ہیں ۔
اپنے بیان میں وزیراعظم شہبازشریف نے مطالبہ کیا ہے کہ امریکہ بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ ایسے اشتعال انگیز بیانات سے گریز کرے ۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کا انتخاب کیا، پانی پاکستان کے 24 کروڑ لوگوں کیلئے لائف لائن ہے، سندھ طاس معاہدے میں کسی فریق کیلئے یکطرفہ دستبرداری کی کوئی شق نہیں ۔