امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسماعیل ہانیہ کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسرائیل پر براہ راست حملے کا حکم دیدیا ہے۔ آیت اللہ خامنہ ای نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے فوری بعد منعقد ہونے والی ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں یہ حکم دیا۔
یاد ر ہے کہ اس سے پہلے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہنیہ کے قتل کا بدلہ لینا ایران کا فرض ہے۔ آیت اللہ خامنہ ای نے مزید کہا کہ اسرائیل نے اپنے لیے سخت سزا کی بنیاد فراہم کی ہے اور ایران اپنے ملک کے اندر ہونے والے اسماعیل ہنیہ کے قتل کا بدلہ لینا اپنا فرض سمجھتا ہے۔
واضح رہے کہ ایران کے شہر تہران میں اسرائیلی حملے میں حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ شہید ہوگئے تھے۔ حماس نے تہران میں کیے جانے والے اسرائیلی حملے میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت کی تصدیق کی جب کہ حملے میں ان کا ایک محافظ بھی شہید ہوا ہے۔