اسلام آباد کے سیکٹر جی سیون ٹو میں شادی کی تقریب کے دوران گیس سلنڈر دھماکے کے نتیجے میں دولہا اور دلہن سمیت 6 افراد جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہو گئے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کے مطابق دھماکہ ایک رہائشی گھر میں ہوا جس کے باعث قریبی چار گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 15 افراد کو ملبے سے باہر نکالا، جن میں سے 5 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک زخمی بعد ازاں اسپتال میں جانبر نہ ہو سکا۔
حکام کا کہنا ہے کہ 10 زخمیوں کو فوری طور پر پمز اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ واقعے کے بعد تمام متاثرہ افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ یوسف کے مطابق دھماکہ شادی والے گھر میں ہوا، جہاں دولہا، دلہن اور مہمان موجود تھے۔ جاں بحق افراد میں دولہا اور دلہن بھی شامل ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملبے کی مکمل جانچ کی جا رہی ہے جبکہ دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

