تہران: ایرانی میڈیا پر جاری سرکاری اعلامیے میں کہا گیا گیا ہے کہ گزشتہ رات ایران کی سلامتی اور عوام کے تحفظ کے لیے اسرائیل کے میزائلوں کا مقابلہ کرتے ہوئے دو فوجی جاں بحق ہو گئے ہیں ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تہران کے قریب کرج شہر میں 5 دھماکے سنے گئے، ایران کے شہر تکریت میں بھی دھماکے سنے گئے، تہران فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق آگ سے متاثرہ ایک عمارت سے 10 افراد کو نکال لیا گیا، تہران میں دھماکوں کی ایرانی میڈیا نے بھی تصدیق کر دی۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی نظام متحرک ہے کسی بھی حملے سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں، حملے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل حملوں کا جواب ہے، ایران میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، امریکا نے اسرائیل میں تھاڈ میزائل اور مشرق وسطیٰ میں ایف 16 طیارے بھیجے تھے، اسرائیلی وزیراعظم نے کنٹرول روم سے تمام صورتحال کا جائزہ لیا۔
دوسری جانب امریکا نے ایران پر اسرائیلی حملوں سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا، وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ایران پر حملوں میں امریکا کا کوئی کردار نہیں ہے تاہم ایران پر اسرائیلی حملوں سے آگاہ ہیں اور صورتحال پر گہری نظر ہے جبکہ وائٹ ہاؤ س نے ایران پراسرائیل کے حملے کو تل ابیب کی جانب سے اپنے دفاع کی مشق قرار دے دیا۔