لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ایک بار پھر بجلی کی قیمتوں کے خلاف 17 جنوری سے ملک بھر میں احتجاجی تحریک شروع کا اعلان کر دیا ۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آئی پی پیز بند ہونے کے باوجود بلوں کی تلوار قوم کے سروں پر لٹک رہی ہے، حکومت کی معیشت میں بہتری اور مہنگائی میں کمی کے دعوے جھوٹے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ متعدد آئی پی پیز کی بندش اور معاہدوں پر نظر ثانی کے باوجود عوام سستی سے بجلی سے محروم ہیں، ایسا کیوں ہے ؟ ہماری خواہش ہے کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوں اور تحریری معاہدہ عوام کے سامنے رکھا جائے، مذاکرات میں اسٹیبلشمنٹ کو بھی شامل کیا جائے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی آئین و قانون سے مشروط ہے،تمام فیصلے آئین و قانون کے مطابق ہونے چاہیئں ۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت صرف اعلانات کرتی ہے بجلی کی قیمتیں کم نہیں کرتی، فیصلہ کیا ہے کہ اپنی احتجاجی تحریک کو ازسرنو شروع کریں، بجلی مہنگی ہونے پر لوگ سولر پر منتقل ہو رہے ہیں، بجلی کی پیداوار کا بحران آ رہا ہے ۔
انہوں نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کے قیام کے لیے علی امین گنڈا پور کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ فرقہ واریت اور دہشت گردی کو کنٹرول کرنا کے پی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔