خیبر پختونخوا کے 2 جنوبی اضلاع سے پولیو کے 2 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک بھر میں رواں برس پولیو کیسز کی مجموعی کیسز کی تعداد 23 ہوگئی ۔
اسلام آباد: نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ نے جنوبی خیبر پختونخوا سے پولیو کے 2 نئے کیسز کی تصدیق کی ہے، ایک ضلع ٹانک اور دوسرا ضلع شمالی وزیرستان سے سامنے آیا ۔
تازہ کیسز میں یونین کونسل ملزئی ضلع ٹانک کی 16 ماہ کی بچی اور یونین کونسل میران شاہ-3 ضلع شمالی وزیرستان کی 24 ماہ کی بچی شامل ہے، ان کیسز کے بعد سال 2025 میں پاکستان میں پولیو کیسز کی کُل تعداد 23 ہوگئی ہے ۔
این آئی ایچ کے مطابق رواں برس اب تک خیبر پختونخوا میں 15 کیسز سامنے آئے ہیں، سندھ سے 6، اور ایک ایک پنجاب اور گلگت بلتستان سے رپورٹ ہوا ہے ۔
پولیو وائرس کی منتقلی روکنے کے لیے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے آئندہ کم ٹرانسمیشن سیزن کے لیے جامع ویکسینیشن شیڈول تیار کیا ہے۔ اس سیزن کی پہلی مہم یکم سے 7 ستمبر 2025 تک ملک بھر میں چلائی جائے گی، جبکہ جنوبی خیبر پختونخوا میں یہ مہم 15 ستمبر سے شروع ہوگی، اس دوران 5 سال سے کم عمر کے 2 کروڑ 80 لاکھ سے زائد بچوں کو گھر گھر جا کر پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ۔