کوہاٹ کے مرکزی بازار میں ضلعی انتظامیہ نے حکومتی احکامات کی روشنی میں کارروائی کرتے ہوئے افغان مہاجرین کی متعدد غیر قانونی اور غیر رجسٹرڈ دکانیں سیل کر دیں۔
کارروائی کے دوران بغیر اسناد کاروبار کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت اقدامات کیے گئے، جس سے بازار میں موجود دیگر تاجروں میں بھی ہلچل مچ گئی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاعات اور عوامی شکایات کی بنیاد پر کی گئی، جن میں نشاندہی کی گئی تھی کہ بعض افغان مہاجرین بغیر قانونی دستاویزات اور سرکاری اجازت ناموں کے کاروبار کر رہے ہیں۔ اس موقع پر انتظامیہ کی ٹیم نے دکانوں کی جانچ پڑتال کی، رجسٹریشن دستاویزات طلب کیں اور قواعد و ضوابط پر پورا نہ اترنے والی دکانوں کو فوری طور پر سیل کر دیا۔
ضلعی انتظامیہ کے ایک اعلیٰ افسر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ بغیر اسناد اور غیر رجسٹرڈ دکانوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور کسی کو بھی غیر قانونی کاروبار کی اجازت نہیں دی جا سکتی، خواہ اس کا تعلق کسی بھی قومیت یا طبقے سے ہو۔

