کے پی حکومت نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے پریشان سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں مزید اضافے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حالیہ بجٹ میں گریڈ 16 تک کے ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد تک اضافہ کیا گیا تھا،اب جس کو بڑھا کر 25 فیصد تک کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے،جبکہ گریڈ 17 سے اوپر کے تمام ملازمین کی تنخواہ میں 20 فیصد تک اضافہ کیا جائے گا۔ تنخواہوں کے ساتھ ساتھ پنشن بھی مزید 10 فیصد تک بڑھائی جائے گی۔
خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے ایک سے لے کر 16 گریڈ کے تمام ملازمین کے لئے 25 فیصد اور گریڈ 17 سے اوپر کیلئے 20 فیصد جبکہ پنشن 15 فیصد بڑھانے کا اعلان کیا تھا، وفاق کی طرز پر کے پی کابینہ نے بھی پنشن اور تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دے دی ہے۔مزید مزمل اسلم نے بتایا کہ تنخواہوں میں اضافے کا اعلامیہ جلد جاری کردیا جائے گا۔تنخواہوں میں اضافے کی وجہ سے صوبے کے خزانے پر 75 سے 80 ارب روپے تک کا مزید بوجھ پڑے گا۔