امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتہ کو اعلان کیا کہ امریکہ نے وینزویلا پر بڑی عسکری کارروائی کی ہے اور وینزویلا کے صدر نیکولس مدورو کو اپنے اہلیہ سمیت گرفتار کر لیا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا کہ امریکہ نے وینزویلا کے خلاف ایک کامیاب بڑی کارروائی کی ہے اور صدر نیکولس میدوو کو ان کی اہلیہ سمیت گرفتار کر کے ملک سے باہر لے جایا گیا ہے۔”
امریکہ نے وینزویلا کے مختلف علاقوں میں فضائی حملے کیے، جن کے نتیجے میں دارالحکومت کراکس میں زوردار دھماکے سنے گئے۔ یہ دھماکے، جو مقامی وقت کے مطابق صبح 2 بجے ہوئے، پورے شہر میں سنے گئے اور طیاروں کے آوازیں بھی سنی گئیں۔ وینزویلا کے حکومتی ذرائع نے بتایا کہ ریاست میرندا، ارگوا اور لا گوئرا میں بھی حملے ہوئے ہیں۔
امریکہ کی یہ عسکری کارروائی اس وقت ہوئی جب ٹرمپ انتظامیہ نے وینزویلا کے صدر نیکولس مدورو پر دباؤ ڈالنے کی کوششیں تیز کر دی تھیں اور اس کے ساتھ ہی امریکہ نے وینزویلا کے تیل کی برآمدات پر پابندی عائد کر دی تھی۔
کریبیئن خطے میں امریکی فوج نے اپنے جنگی جہازوں اور طیاروں کو بھی تعینات کر رکھا تھا، اور امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکہ کی طرف سے وینزویلا کے خلاف فوجی کارروائیاں ایک بڑی اسٹرائیک کی صورت میں ہوئی ہیں۔
یاد رہے کہ امریکہ نے طویل عرصے سے وینزویلا کے خلاف اقتصادی پابندیاں، تیل کی برآمدات پر پابندی، اور انسداد منشیات کے آپریشنز شروع کر رکھے تھے۔ صدر ٹرمپ نے میدوو کی حکومت پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ امریکی سرحدوں تک منشیات پہنچانے میں ملوث ہے، تاہم وینزویلا کی حکومت نے ان الزامات کو مسترد کیا ہے۔

