ڈیرہ اسماعیل خان سے اغوا ہونے والے تین ایف سی اہلکار اور نجی بنک کے چار سیکیورٹی اہلکار حفاظت کے ساتھ بازیاب کرا لیے گئے ہیں۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ ان افراد کو ٹانک سیکیورٹی کمیٹی کی کوششوں سے غیر مشروط طور پر رہا کیا گیا۔
دہشت گردوں نے 11 اگست کو کوٹ اعظم کے علاقے سے ایف سی کے تین اہلکاروں کو اغوا کیا تھا اور 9 جولائی کو نجی بینک کے 4سیکیورٹی گارڈز اغوا کئے گئے تھے۔
گزشتہ روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کے گھر کے سامنے بینک سیکیورٹی گارڈز کے رشتہ داروں نے اپنے پیاروں کی بازیابی کیلئے احتجاجی مظاہرہ بھی کیا تھا۔
انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ اگر مغوی افراد کو رہا نہ کیا گیا تو وہ وزیراعلیٰ کے گھر کے سامنے خودسوزی کر لیں گے۔
واضح رہے کہ 9 جولائی کو مسلح افراد نے نجی بینک کی گاڑیاں لوٹ لی تھیں اور سیکیورٹی گارڈ زکو اغوا کر لیا تھا۔ مسلح افراد نے بعد میں بینک کی گاڑی کو آگ بھی لگا دی۔