شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی کے گاؤں حیسوخیل میں ایک غیر سرکاری سکول کو کواڈ کاپٹر ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ ریسکیو 1122 کے مطابق حملے میں سکول کے پرنسپل اور ایک سیکیورٹی گارڈ زخمی ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ہسپتال منتقل کرنے کا عمل شروع کیا۔ تاہم زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کے دوران ایک دوسرا ڈرون حملہ کیا گیا، جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق دوسرے حملے میں ریسکیو 1122 کے ایک اہلکار سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق دوسرے حملے کے بعد ریسکیو اہلکاروں کو شدید خطرات کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث امدادی کارروائیاں عارضی طور پر احتیاط کے ساتھ جاری رکھی گئیں۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ تاحال ان ڈرون حملوں کی ذمہ داری کسی گروہ نے قبول نہیں کی

