اسلام آباد: وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چودھری نے واضح کیا ہے کہ وادی تیراہ میں کسی قسم کا فوجی آپریشن نہیں ہو رہا بلکہ صرف نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
اپنے بیان میں طلال چودھری کا کہنا تھا کہ اگر وادی تیراہ میں کوئی باقاعدہ آپریشن کیا جاتا تو اس کا اعلان کیا جاتا، حکومت کو ایسی کسی کارروائی کو چھپانے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی جب کہیں آپریشن ہوا تو وہ اعلانیہ ہی کیا گیا۔
وزیرِ مملکت نے الزام عائد کیا کہ وادی تیراہ کے معاملے پر پاکستان تحریکِ انصاف منفی سیاست کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایک طرف آپریشن کی بات کرتی ہے اور دوسری جانب خود ہی اس سے انکاری نظر آتی ہے۔
طلال چودھری نے مزید کہا کہ وادی تیراہ کے متاثرین کے لیے فراہم کی گئی امداد میں خورد برد کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے کوہستان مالیاتی اسکینڈل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اربوں روپے کی بدعنوانی سب کے سامنے ہے اور اب یہی عناصر سیاسی بیانیہ بنا کر کرپشن چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے پرعزم ہے اور نیشنل ایکشن پلان پر بلاامتیاز عملدرآمد جاری رہے گا۔

