پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو خط لکھ کر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے کی حمایت کی ہے جس کے مطابق بنگلہ دیش نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے بھارت جانے سے انکار کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے اپنے خط میں سیکیورٹی خدشات پیش نظر بنگلہ دیش کے مؤقف کی باقاعدہ تائید کی ہے اور اس خط کی نقول آئی سی سی کے بورڈ ممبران کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔ اس پیش رفت کے بعد آئی سی سی نے معاملے پر غور کے لیے بورڈ اجلاس طلب کر لیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق آئی سی سی کے اجلاس میں بنگلہ دیش کے بھارت نہ جانے کے فیصلے پر تفصیلی بحث کی جائے گی، تاہم امکان ہے کہ آئی سی سی بنگلہ دیش کے طے شدہ میچز کے وینیوز میں فوری طور پر کوئی تبدیلی نہ کرے۔
اس صورتحال میں پی سی بی نے تجویز دی ہے کہ اگر بنگلہ دیش بھارت نہیں جاتا تو اس کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز پاکستان میں منعقد کرائے جائیں۔ اس کے علاوہ پی سی بی نے آئی سی سی سے یہ بھی کہا ہے کہ موجودہ حالات کے پیش نظر بنگلہ دیش کی ورلڈ کپ میں شرکت پر ازسرِ نو غور کیا جائے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات کو بنیاد بناتے ہوئے بھارت کا سفر نہ کرنے کے فیصلے پر قائم رہنے کا اعلان کیا ہے اور آئی سی سی کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں بھی اپنا مؤقف برقرار رکھا ہے۔

