پاکستان کو ایٹمی طاقت بننے کے 27 سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں ’یوم تکبیر‘ ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا ۔27 برس قبل چاغی کے پہاڑوں میں ایٹمی دھماکے کرنے کے بعد پاکستان اسلامی دنیا کا پہلا اور واحد ایٹمی ملک بن گیا تھا، ان دھماکوں سے قبل اُس وقت کے وزیراعظم نواز شریف کو بیرونی دباؤ اور پروگرام سے پیچھے ہٹنے پر کئی پیش کشیں بھی کی گئیں تھیں ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے یوم تکبیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں آج کے دن اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں اور دل کی گہرائیوں سے پوری قوم، پاکستان سے محبت کرنے والوں کو یوم تکبیر کی مبارک باد پیش کرتا ہوں کیونکہ آج سے 27 برس قبل پاکستان کو دنیا کی ساتویں اور مسلمان ممالک میں پہلی ایٹمی قوت بننے کا اعزاز حاصل ہوا ۔
انہوں نے کہا کہ اس بار پاکستان ‘یومِ تکبیر’ ایک اہم اور تاریخی موقع پر منارہا ہے جب بھارت کی مسلط کردہ بلاجواز جنگ میں، پاکستان اللہ تعالی کے فضل وکرم سے 6 سے 10 مئی کے معرکہء حق میں سرخرو اور فتح یاب ہوا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ فتح مبین سے سرشار قوم کے لیے یوم تکبیر کی مسرتوں میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، جس پر ہم رب ِعظیم کے حضور سجدہ شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہمیشہ پاکستانی قوم کو اپنے خصوصی کرم سے سرفراز فرمایا ہے ۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ مئی 1998 میں پوکھران میں بھارت نے پانچ ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان کی سلامتی، دفاع اور خودمختاری کے لئے چیلنج پیدا کردیا تھا، جس پر میرے قائد اور اُس وقت کے وزیراعظم محمد نوازشریف نے پوری قوم کی امنگوں اور قومی مفادات کی ترجمانی کی، اقتصادی پابندیوں، دباﺅ، دھمکیوں اور لالچ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے، 1998 میں بھارت کے پانچ کے مقابلے میں چھ دھماکے کرکے پاکستان کو ایٹمی ملک اور جغرافیائی سرحدوں کو ہمیشہ کے لئے ناقابل تسخیر بنا دیا تھا ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ،ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر نواز شریف تک جنہوں نے اس پروگرام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا انہیں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھے گی۔ بلوچستان میں چاغی کے پہاڑوں سے اللہ اکبر کی بلند ہونے والی صَدا آج بھی پاکستانی قوم کا عہد بن کر گونج رہی ہے اور اس مقصد کے لئے پورا پاکستان متحد تھا ۔ یہی شاندار روایت بھارت کے حالیہ بلا جواز حملوں کے خلاف قوم نے ایک مرتبہ پھر دہرائی ۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج کے یومِ عظیم پر میں، ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھنے والے ذوالفقارعلی بھٹو، ڈاکٹر عبدالقدیر خان، سائنسدانوں، انجینئرز ، افواج پاکستان اور قومی اداروں سمیت اس پروگرام میں اپنا حصہ ڈالنے والے تمام معماروں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا ۔
انہوں نے کہا کہ میں قوم کو سلام پیش کرتا ہوں جس نے جوہری پروگرام کی تکمیل کے لیے بے پناہ قربانیاں دیں اور اپنے عزم وہمت کی قابل فخر داستان لکھی۔ میں اپنی مسلح افواج کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے پاکستان کے نیوکلیئر اثاثوں کی بھرپور حفاظت کی ۔