پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے، جو 7 فروری سے شروع ہوگا۔
اسکواڈ کا اعلان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا، جس سے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید، کپتان سلمان علی آغا اور وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیکل ہیسن نے خطاب کیا۔
اسکواڈ میں فاسٹ بولر حارث رؤف کو شامل نہیں کیا گیا، جس پر عاقب جاوید نے کہا کہ سری لنکا کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف کمبی نیشن منتخب کیا گیا ہے۔
اسکواڈ میں کپتان سلمان علی آغا، فہیم اشرف، خواجہ نافع، سلمان مرزا اور عثمان طارق کو پہلی بار کسی بڑے آئی سی سی ایونٹ کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ جبکہ ابرار احمد، بابر اعظم، فخر زمان، محمد نواز، نسیم شاہ، صائم ایوب، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان اور عثمان خان اس سے قبل 2021 کے بعد ورلڈ کپ کے ایک یا ایک سے زائد ایڈیشنز میں شرکت کر چکے ہیں۔
محمد رضوان پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے محروم رہیں گے، جبکہ مائیکل ہیسن کے مطابق ٹیم کو مڈل یا لوئر مڈل آرڈر میں بیٹنگ کرنے والے وکٹ کیپر کی ضرورت ہے۔ بابر اعظم کی شمولیت پر عاقب جاوید نے انہیں ٹیم کا سب سے مستقل مزاج بیٹر قرار دیا۔
پاکستان اپنے تمام میچز ’فیوژن فارمولا‘ کے تحت سری لنکا میں کھیلے گا۔ گرین شرٹس 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف کولمبو میں مہم کا آغاز کریں گے اور گروپ اے میں بھارت، امریکا، نیدرلینڈز اور نمیبیا کے ساتھ مقابلہ کریں گے۔ سپر ایٹ مرحلہ 21 فروری سے شروع ہوگا جبکہ فائنل 8 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

