پاکستان اور امریکہ کے درمیان 13ویں دوطرفہ مشترکہ فوجی مشق انسپائرڈ گیمبٹ 2026 کا آغاز 9 جنوری 2026 کو نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم سینٹر (این سی ٹی سی) پبی میں ہو گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ دو ہفتوں پر محیط مشق انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں منعقد کی جا رہی ہے، جس میں پاکستان اور امریکہ کی افواج کے پیشہ ور دستے حصہ لے رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کا مقصد انسدادِ دہشت گردی کے تجربات کے تبادلے کے ذریعے باہمی ہم آہنگی اور آپریشنل تعاون کو فروغ دینا ہے، جبکہ مؤثر انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کے لیے جدید حربوں، تکنیکوں اور طریقۂ کار کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔
مشق کے دوران شہری علاقوں میں جنگ کے دوران نشانہ بازی کی مہارت، ایک دوسرے کے آپریشنل نظریات اور بہترین عسکری طریقۂ کار کو سمجھنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس نوعیت کی مشترکہ فوجی مشقیں بدلتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے، پیشہ ورانہ عسکری معیار کو بہتر بنانے اور پیچیدہ انسدادِ دہشت گردی ماحول میں دونوں افواج کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ انسپائرڈ گیمبٹ 2026 پاکستان اور امریکہ کے امن اور استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کی عکاس ہے۔

