پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اپنا ابتدائی اسکواڈ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو جمع کرا دیا ہے۔ ابتدائی فہرست میں 15 کھلاڑیوں کے ساتھ ریزرو کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ پی سی بی کو 31 جنوری تک بغیر آئی سی سی کی اجازت اسکواڈ میں تبدیلی کا اختیار حاصل ہوگا۔
لاہور: 31جنوری کے بعد اسکواڈ میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کے لیے آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی کی منظوری لازمی ہوگی۔ پی سی بی حکام کے مطابق حتمی اسکواڈ کا اعلان سری لنکا کے خلاف آئندہ سیریز اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے بعد کیا جائے گا، جبکہ سری لنکا کے دورے میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو خاص اہمیت دی جائے گی۔
ابتدائی اسکواڈ میں قومی ٹیم کے اہم کھلاڑی شامل ہیں جن میں بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نمایاں ہیں۔ یہ تمام کھلاڑی سری لنکا کے دورے پر جانے والی ٹیم کا بھی حصہ ہیں، جس سے ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کے تسلسل اور کھلاڑیوں کی جانچ میں مدد ملے گی۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 7 فروری سے شروع ہوگا اور اس کی مشترکہ میزبانی بھارت اور سری لنکا کریں گے۔ تاہم پاکستان اپنی تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گا۔
کرکٹ تجزیہ کاروں کے مطابق ابتدائی اسکواڈ جمع کرانے سے ٹیم مینجمنٹ کو حکمتِ عملی بنانے، کھلاڑیوں کی تیاری جانچنے اور انجری یا فارم کی بنیاد پر ممکنہ تبدیلیوں کی منصوبہ بندی میں سہولت ملے گی۔ شائقین کرکٹ کو اب حتمی اسکواڈ کے اعلان کا شدت سے انتظار ہے۔

